ایک نیوز:ملک بھر میں آٹے کا بحران جاری ہے، پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2900 روپے کاہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، فائن آٹے کا 20کلو تھیلا 29 سو روپے کا ہو گیا،20 کلو مکس آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 200 روپے اضافہ ہو گیا،نئی قیمت 27 سو روپے مقررہو گئی۔
ڈیلرز کاکہناہے کہ 3روزپہلے فائن آٹے کی قیمت 27 سو جبکہ مکس آٹے کا تھیلا 25سو روپے میں میسر تھا،آٹے کی ترسیل میں مشکلات جبکہ پابندی بھی برقرار ہے اس لئے قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں آٹے کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، محکمہ خوراک کے مطابق آٹے کا یومیہ کوٹہ پانچ ہزار سے بڑھا کر چھ ہزار پانچ سو میٹرک ٹن کر دیا گیا تھا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے آٹا نہ دینے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کا بھی اعلان کر دیا تھا۔
وزیر خوراک عاطف خان نے کہا تھاکہ جو ٹھیکیدار جتنا آٹا بیچے گا اسکی تفصیل بھی دے گا۔ صوبے میں گندم کی قلت یا بحران نہیں، مسئلہ ریٹ کا ہے۔ حکومت نے اچانک غیر ضروری گندم کا ریٹ بڑھایا جس کی وجہ سے گندم کا بحران آیا،پاسکو کی طرف سے جو آٹا افغانستان جا رہا ہے اس پر بھی سختی کریں گے۔