ایک نیوز: سینئر لیگی رہنما اور وفاقی وزیراحسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کے چناؤ کے عمل نے ثابت کیا کہ عمران خان نے کچھ نہیں سیکھا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسدعمر کےٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنی نالائقی پرپردہ نہ ڈالے.
احسن اقبال نے کہا کہ آپ کی جماعت نے چن چن کر ان افراد کا چناؤ کیا جو نگران وزیر اعلٰی کی قانونی اہلیت ہی پوری نہیں کرتے تھے، اہلیت پوری نہ ہونے میں کسی اور کا کیا لینا دینا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس عمل نےثابت کیا کہ آپ کے لیڈر نے کچھ نہیں سیکھا، عمران خان اتناہی نالائق اور نااہل ہے جتنا چارسال قبل تھا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اسدعمر نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ امپورٹڈ کے فرنٹ مین کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے سے بہتر ہے پردہ اٹھا دیں اور نواز شریف یا آصف زرداری کو بنا دیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کہہ چکی ہے کہ الیکشن کمیشن اگر غیر جانبدار نگراں وزیر اعلیٰ مقرر نہیں کرتا تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا، محسن نقوی کے حوالے سے پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کے دو ارکان تحریری اعتراض الیکشن کمیشن میں جمع کروا چکے ہیں۔
حکومتی اتحاد کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کررکھا ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق نہ ہونے کے بعد نگراں وزیراعلیٰ کا معاملہ 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو گیا تھا، جو تقرری میں ناکام رہی تو پھر یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کا فیصلہ اب الیکشن کمیشن کرے گا۔