ڈیزل لیجانے والی مال گاڑی کو حادثہ، ٹرینوں کا شیڈول متاثر

Jan 22, 2023 | 11:22 AM

ایک نیوز: پاکستان ریلوے کی ایک اور ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی۔ ڈیزل لیجانے والی مال گاڑی کی 2 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔

تفصیلات کے مطابق جنڈ کے نزدیک پاکستان ریلوے کی مال گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجہ میں ڈیزل لیجانے والی 2 بوگیاں الٹ گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ بوگیاں الٹ جانے کی وجہ سے ٹریک بند ہوگیا جس کی وجہ سے ریل گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل ہوگئی۔ 

ریلوے حکام کے مطابق ڈیزل لے جانے والی مال گاڑی کی دو بوگیاں الٹنے کے بعد مہر ایکسپریس، تھل ایکسپریس اور اٹک سے ماڑی انڈس جانے والی ریل کار کو مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا ہے۔

جنڈ پر پیش آنیوالے واقعے کے بعد ٹریک بند کردیا گیا، ٹریک کلیئر کرنے کیلئے امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ جلد ٹریک کلئیر کرکے ٹرین آپریشن بحال کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند ہفتے قبل پاکستان ریلویز کی مسافر ٹرین کو ایک اور حادثہ پیش آگیا تھا۔ مسافر ٹرین ٹریک سے اتر گئی۔ جس سے ٹرینوں کی آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔ روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب پاک بزنس ایکسپریس کو حادثہ پیش آگیا، ریل کی ایک بوگی پٹڑی سے اتر گئی جس کے باعث کراچی سے لاہور جانے والا اپ ٹریک بلاک ہوگیا، ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی پاک بزنس ایکسپریس کی ایک بوگی اچانک موڑ کاٹتے ہوئے پٹڑی سے اتر گئی جس کی وجہ سے اپ ریلوے لائن بلاک ہوگئی۔

حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع پر ریلوے کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کاروائیاں شروع کردی گئیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اپ ٹریک بلاک ہونے کے باعث تیزگام، فرید ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور علامہ اقبال ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا تھا، تاہم حادثے کا شکار پاک بزنس ایکسپریس کو متبادل بوگی لگا کر لاہور روانہ کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں