سندھ کےسیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن پر 2سال بعد برفباری،موسم دلفریب ہوگیا

Jan 22, 2023 | 10:12 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سندھ کے سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن پر تقریبا 2سال بعد ہلکی برفباری سے موسم دلفریب ہوگیا،سندھ کا مری کہلائے جانے والا گورکھ ہل اسٹیشن دو سال بعد برف کی سفید چادر اوڑھے نظر آیا  ہے۔

تفصیلات کے مطابق  برفباری سے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا، وہیں سیاحوں کی بڑی تعداد نے موسم کا لطف اٹھانے کیلئے اس علاقے کا رخ کیا ۔

انچارج گورکھ جمن جمالی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس مقام پر دوسال بعد برفباری ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت منفی ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

یہ ہل اسٹیشن  دادو شہر سے 90 کلومیٹر کے فاصلے پر کھیرتھر رینج میں سطح سمندر سے 5,800 فٹ بلندی پر واقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیراور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

مالم جبہ 06، مری 01انچ اورا سکردو میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سےکم درجہ حرارت لہہ منفی14، زیارت منفی11،  استور، کالام منفی 09، گوپس میں منفی 08ڈگری سینٹی گریڈ رہا ، ہنزہ منفی 07، مالم جبہ، اسکردو منفی 06، قلات میں منفی 05 سینٹی گریڈ رہا کوئٹہ، بگروٹ منفی 04اور مری میں منفی  03ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب ملکہ کوہسار مری، آزاد کشمیر کی نیلم ویلی اور سوات کے سیاحتی مقامات کے حسن نے سیاحوں کو سحر میں جکڑلیا۔

آسمان سے گرتے سفید موتی، چاروں طرف سفیدی، سہانا موسم اور چھٹی کا دن، سیاحت کی رونقیں پوری آب و تاب سے بحال ہیں، مری میں رات دیر تک لوگ سڑکوں پر موسم کا مزہ لیتے رہے،وقفے کے بعد صبح پھر برف پڑنا شروع ہوئی تو سیاح ہوٹلوں سے نکل پڑے۔

ادھر استور اور دیامر میں برفباری کا سلسلہ نہ تھم سکا اورسڑکوں پر برف کی موٹی تہہ جم گئی، بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،رابطہ سڑکیں بند ہونے سے خوراک کی بھی قلت ہے۔

ادھر   آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں رات سے  میں بارش ہورہی ہے، نواحی پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی۔

 وادی لیپا،نیلم، باغ، راولاکوٹ اور حویلی کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث متعدد شاہراہیں بند ہوگئیں۔

شمالی بلوچستان میں بھی شدید ٹھنڈ کی لہر جاری ہے، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی چار، قلات میں منفی آٹھ رہا۔

کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت دس ڈگری ریکارڈ کیا گیا جب کہ کراچی میں آج سے سردی کی نئی لہر آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں