ایک نیوز: ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر پر اشتہارات دکھانے سے متعلق بڑا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ دنوں ٹوئٹر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ آنے والے ہفتوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں سیاسی اشتہارات کو جگہ دی جائے گی۔
کمپنی نے بتایا تھاکہ ایسے اشتہارات کو ترجیح دی جائے گی جو اہم موضوعات پر عوامی مباحثے کے لیے اہم ہوں جبکہ سیاسی اشتہارات کی پالیسی کو ٹی وی یا دیگر میڈیا اداروں کی پالیسیوں جیسا بنایا جائے گا۔
تاہم ہفتے کو ٹوئٹ کرتے ہوئےایلون مسک نےکہا کہ ٹوئٹر پر اشتہارات بہت زیادہ اور بہت بڑے ہیں، آنے والے ہفتوں میں ان مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
Ads are too frequent on Twitter and too big. Taking steps to address both in coming weeks.
— Elon Musk (@elonmusk) January 21, 2023
ایلون مسک نے اعلان کیا کہ ٹوئٹر سبسکرپشن کی قیمت زیادہ کی جائے گی جس وجہ سے ان اکاؤنٹس پر اشتہارات نظر نہیں آئیں گے۔
ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کے اس اعلان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر اپنی آمدنی کا تقریباً 90فیصد ڈیجیٹل اشتہارات کی فروخت سے کماتا ہے ، ایلون مسک نے حال ہی میں کمپنی ریونیو میں بڑے پیمانے پر کمی کا ذمہ دار ان تنظیموں کو قرار دیا جنہوں نے برانڈز پر زور ڈالا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر اپنے اشتہارات روک دیں۔
ٹوئٹر نے بلیو ٹک کا نیا ورژن دسمبر میں دوبارہ لانچ کیا تھا ، اس نئی سروس کی سبسکرپشن عام صارفین کیلئے ماہانہ 8 ڈالر،جبکہ ایپل صارفین کیلئے ماہانہ 11 ڈالر رکھی گئی۔
ٹوئٹرسبسکرپشن سے صارفین ٹوئٹس ایڈٹ کرسکتے ہیں ،اس کے علاوہ صارفین طویل،اور بہتر معیار کی ویڈیوز پوسٹ کرنے اور دیکھنے کے قابل ہوں گے۔