پی ااین این: فورٹ عباس کے رہائشی 3 مزدوروں کو دھوکا دے کر ان کے گردے نکال لیے گئے۔ملزم محمد سلیم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم محمد سلیم مزدوروں کو پہلے راولپنڈی اور پھر اسلام آباد لے کر گیا، نامعلوم مقام پر ڈاکٹروں نے تینوں مزدوروں کے گردے نکال لیے۔
پتوکی سے تعلق رکھنےوالے مرکزی ملزم محمد سلیم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے مطابق ملزم محمد سلیم نے مزدوروں کو ڈھائی لاکھ روپے دینے کا لالچ دیا، ملزم محمد سلیم مزدوروں کو راولپنڈی اور پھر اسلام آباد لے گیا، ملزم کے سہولت کار ڈاکٹر نے مزدوروں کو نامعلوم مقام پر لے جا کر گردے نکال لیے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویجیلنس پی ایچ او ٹی اے کا کہنا ہے کہ تینوں مزدوروں کے پیٹ پر آپریشن کے نشانات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں 20 سالہ نوجوان بلال کو نوکری کا جھانسہ دیکر خون کے نمونے دینے کو کہا گیا تھا۔ بعد میں بے ہوش کر کے گردہ نکال لیا گیا تھا۔ کاہنہ پولیس نے بلال کے والدکی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق بلال سے نوکری کے لیے خون کے نمونے لیے گئےتھے۔ بلال کو بے ہوش کر کے اغوا کیا گیا اور گردہ نکال لیا گیا۔ پولیس نے مقدمے میں سرکاری اسپتال کے ڈرائیور نذیر کو بھی نامزد کیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق گردہ نکالنے کی واردات میں خاتون سمیت 5 ملزمان ملوث تھے۔