ویب ڈیسک:امریکا نے پاکستان میں ایکس سروس معطل ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کا احترام کرتے ہوئے فوری طور پرسوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بحال کیا جائے ۔
تفصیلات کےمطابق بدھ کو بریفنگ کے دوران محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان میں آزادی اظہارِ رائے پر عائد پابندی پر تشویش ہے، جس میں حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کی جزوی بندش اور سوشل میڈیا سروسز میں پیدا ہونے والا تعطل بھی شامل ہے۔
پاکستان میں سوشل میڈیا کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر میتھیو ملر نے کہا کہ ’ہم پاکستان سے ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ آزادی اظہار رائے کا احترام کیا جائے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول ایکس سب تک رسائی دی جائے۔
میتھیو ملر نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں بے ضابطگیوں کے کسی بھی دعوے کی مکمل تحقیقات دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان میں حکومت بننے سے پہلے اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے، کسی بھی ملک میں سیاسی اتحاد اس ملک کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے۔