ایک نیوز :سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو لالچ دے کر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائی جا رہی ہے، اس حکومت کی کیا ساکھ ہوگی، عوامی رائے کی توہین کررہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں ملک میں رول آف لا ہو اور آئین کی بالادستی یقینی بنائی جائے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے باوجودچیئر مین تحریک انصاف سے ملاقات کرنے نہیں دی جارہی ہے۔ اس وقت جو کچھ ہورہا ہے ہم نے عمران خان سےمشاورت کرنی ہے، بہت بڑی پیش رفت ہو رہی ہے۔عدالتی حکم کے باوجود ہمیں اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہے، جیل عملہ کے اس روئیے کی مذمت کرتے ہیں‘۔
سابق اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک پاپولر لیڈر ہے، پاکستانی عوام نے عمران خان کو بہت بڑا مینڈیٹ دیا ہے۔ لیکن ہمارے لوگوں کو لالچ دے کر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائی جا رہی ہے۔ یہ بند کمروں میں فیصلے نہیں ہوسکتے ہیں۔ اس حوالے سے ہم پورا کیس تیار کررہے ہیں۔
انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اگر شہریوں کے حقوق کے لیے سپریم کورٹ کھڑا نہیں ہوگا تو بہت برا ہوگا، یہ ٹائم ہے ایکشن لیا جائے اور کمشنر نے جو الزامات لگائے ہیں اس کی تحقیقات ہوں۔ ہم چاہتے ہیں ملک میں امن ہو اور توقع کرتے ہیں کہ بیرونی دنیا نہیں بلکہ عدالت اس پر ایکشن لے۔