ایک نیوز: صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو کوئٹہ سے حراست میں لے لیا گیا۔ سردار عبدالرحمان کھیتران کو بارکھان میں خاتون سمیت 3 افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
بلوچستان پولیس کے مطابق بارکھان میں خاتون سمیت 3 افراد کے قتل کے الزام میں صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو کوئٹہ سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان کے مطابق سردار عبدالرحمان کھیتران کو بارکھان واقعے پر شامل تفتیش کیا گیا ہے، اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کی صوبائی وزیر سے تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول خاندان سے تعلق رکھنے والے دیگر مغویوں کی بازیابی کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، قتل کے واقعے میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے علاقے بارکھان میں ایک کنویں سے خاتون سمیت 3 افراد کی لاشیں ملی تھیں، جس کے بعد مری قبیلے نے لاشوں کے ہمراہ کوئٹہ میں دھرنا دیدیا۔
مقتولین کے ورثاء نے الزام لگایا تھا کہ خاتون سمیت تینوں افراد کو صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران نے قتل کروایا ہے۔
سردار عبدالرحمان کھیتران نے واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا جب واقعہ پیش آیا میں کوئٹہ میں تھا، اس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔