ایک نیوز :پی ایس ایل 8 کے 11 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی، عباس آفریدی نے آخری اوور میں دو چھکوں اور 2 وائٹ کے باوجود 22 رنز نہیں بننے دیئے۔
پاکستان سپر لیگ 8 کے 11 ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں کئی اتار چڑھاؤ آئے، کراچی کنگز کے اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا، میتھیو ویڈ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جیمز ونس نے شروع سے ہی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر ایونٹ کی تیز ترین نصف سنچری جڑ دی تاہم وہ 75 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز مدمقابل ہوں گے، عماد وسیم نے ٹاس جیت کر رضوان الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے، ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا ڈالے۔
ملتان سلطانز کو محمد رضوان اور شان مسعود نے 85 رنز کا آغاز فراہم کیا، شان مسعود 33 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری 42 گیندوں پر مکمل کی تاہم اس کے بعد انہوں نے انتہائی جارحانہ انداز اختیار کا اور وکٹ کے چاروں طرف چوکوں اور چھکوں کی برسات کردی اور 60 گیندوں پر سنچری اسکور کر ڈالی۔
ملتان سلطانز کے کپتان 110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے رائیلی روسو کے ساتھ 109 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔
رائیلی روسو 21 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کیرن پولارڈ 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد عمر اور شعیب ملک ایک ایک وکٹ لے سکے، عماد وسیم، عامر یامین، عاکف جاوید اور عمران خان کوئی شکار نہ کرسکے۔
ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ 8 میں اب تک 4 میچ کھیل کر 3 میں کامیابی حاصل کرچکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
عماد وسیم کی کپتانی میں کراچی کنگز نے ایونٹ میں 4 میچ کھیلے ہیں، جس میں سے اسے صرف ایک میں کامیابی ملی ہے، پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 8 کا یہ آخری میچ ہے، ایونٹ 26 فروری سے لاہور منتقل ہوجائے گا۔