ایک نیوز: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے قومی احتساب بیورو کے لیگل سیل کے سربراہ کو کل اجلاس میں طلب کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی کل پی اے سی اجلاس میں طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے پی اے سی طلبی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ جانے کے معاملے پر بحث ہوئی۔ کمیٹی نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو کل طلب کرلیا۔ کمیٹی نے نیب کے لیگل سیل کے سربراہ کو بھی کل کمیٹی میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نورعالم خان نے نیب حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے کس قانون کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا؟ نیب کو 23 فروری کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلب کیا تھا۔ پی اے سی طلبی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔
ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے معاملے پر پی اے سی اجلاس ان کیمرا کر دیا گیا۔ پی اے سی نے وزارت خزانہ سے ان کیمرا بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام پی اے سی کو ان کیمرا بریفنگ دیں گے۔