کفایت شعاری مہم، وفاقی کابینہ کا تنخواہیں،الاؤنسز اور مراعات چھوڑنے کا اعلان

Feb 22, 2023 | 17:10 PM

ایک نیوز:  وفاقی کابینہ نے ملکی معاشی حالات کے پیش نظرکفایت شعاری اقدامات کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت  تمام وفاقی وزراء نے رضاکارانہ طور پر تنخواہوں کے الاؤنسز اور مراعات چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری اقدامات کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم پریس کانفرنس میں کفایت شعاری مہم سے متعلق بریف کریں گے۔

 کابینہ کے فیصلے کے تحت کابینہ اراکین اور سرکاری افسران سفر کے لیے برنس کلاس استعمال نہیں کریں گے جبکہ سرکاری افسران فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام بھی نہیں کریں گے۔

  سرکاری تقریبات میں ڈنر اور لنچ میں سنگل ڈش ہوگی، وفاقی وزراء یوٹیلیٹی بلز اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء سرکاری گاڑیاں واپس کریں گے اور  پیٹرول کم کریں گے، وفاقی وزراء اپنی تنخواہیں بھی نہیں لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزراء سرکاری دفاتر میں خزانے سے کوئی خرچ نہیں کریں گے، سرکاری دفاتر میں بجلی کا کم سےکم خرچ کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر پابندی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس اور  وزارتوں کے اخراجات بھی کم کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت خارجہ کو فارن مشن کے اسٹاف کوکم کرنےکی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں