ایک نیوز: پولیس کی جانب سے پی ایس ایل 8کا سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیاہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کا کہنا ہے کہ کرکٹ کھلاڑیوں سمیت شائقین کو بھر پور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔لاہور پولیس کے 5ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔پی ایس ایل سکیورٹی پر 11ایس پیز،34ڈی ایس پیز،94انسپکٹرز تعینات ہیں۔443اپر سب آرڈینیٹس اور 162لیڈی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ایلیٹ فورس کی 43، ڈولفن سکواڈ کی 107اور پولیس ریسپانس یونٹ کی 58ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی۔ائیر پورٹ سے اسٹیڈیم کے گردو نواح سمیت مختلف مقاما ت پر ناکہ جات لگائے گئے ہیں۔پنجاب سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
افضال احمد کوثر کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی بارے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔ شہریوں کو 04 درجاتی حصار سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی۔
واضح رہے کہ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر افسران کی ذمہ داریوں کا تفصیلی پلان جاری کیا گیا ہے۔ رافعہ حیدر کا کہنا ہےکہ قذافی اسٹیڈیم مین انکلیورز، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور پی سی بی سے کوآرڈینیشن کیلئے 4 افسران کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اور لاہور پارکنگ کمپنی سے کوآرڈینیشن کیلئے 4 افسران نکی ذمہ داری لگائی گئی ہے۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں سے رابطے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہوں گے۔ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم تک سڑکوں کی خوبصورتی کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ریسکیو، پی سی ہوٹل اور متعلقہ حکام سے رابطے کیلئے بھی افسران نوٹیفائی کر دیے گئے ہیں۔