ایک نیوز: ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان کی وفاقی حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ترکیہ میں ہولناک زلزلہ زدگان کو طبی سہولیات فراہم کرنے کےلیے ادویات اور طبی آلات عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو خط لکھا ہے۔ وزیراعظم کی درخواست پر پنجاب حکومت نے احکامات جاری کردیے۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ترکیہ میں زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی سہولیات دینے کے لیے ادویات اور آلات ترکیہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں طبی آلات اور 106 ادویات کی فہرست محکمہ صحت کو بھیج دی گئی ہے۔
ان اشیا میں وینٹی لیٹرز، سٹریچر، وہیل چئیرز عطیہ کی جائیں گے، انسولین، ایکسرے مشینز، بلڈ ٹرانسفیوژن سیٹ بھی عطیہ کیے جائیں گے۔ زخمیوں کی سرجریز کے لیے بڑی تعداد میں طبی آلات عطیہ کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ نے عطیات کے لیے کام شروع کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت پنجاب تمام آلات کو اکٹھا کرکے این ڈی ایم اے کے حوالے کرے گا جہاں سے امدادی سامان ترکیہ بھجوایا جائےگا۔