ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے اور وزیر اعظم شہباز شریف ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی دوست حاجی پرویز خان کے خلاف زمین کے تناز عے پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقدمے میں حاجی پرویز خان کے علاوہ چودھری عامر و دیگر نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔مقدمہ اڈیالہ گاؤں میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ کے دوران حبیب نامی شخص کے قتل پر درج کیا گیا ہے۔گزشتہ روز اڈیالہ گاؤں میں زمین کے تنازعے پر دو فریقین کے مابین فائرنگ ہوئی تھی۔مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے ضلع بھر میں پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔
ایک اور واقعہ میں جہلم کے نواحی علاقہ النگا میں چھوٹے بھائی نے زمین کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے بڑے بھائی کو قتل کردیا ہے۔مقتول رستم بشیر اور ملزم کے درمیان زمین کا تنازعہ تھا۔ فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تھانہ چوٹالہ پولیس نےموقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔ پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں جائیداد کے تنازعے پر بھائی نے فائرنگ کر کے اپنے بھائی اور بھابھی کو موت کے گھات اتار دیا تھا۔ شاہدرہ کے علاقے عزیز پارک میں دوہرے قتل کی واردات ہوئی تھی جہاں ملزم تنویر نے تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے بھائی اور بھابھی کو قتل کر دیا تھا۔ فضل الہٰی اور اس کی بیوی فوزیہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے تھے۔فضل الٰہی اور اس کا بھائی تنویر ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھے،دونوں بھائیوں کے درمیان کافی عرصہ سے جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔