ایک نیوز:نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے لیے درخواست پر سماعت مکمل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسکوز نے 17 ارب 39 کروڑ روپے کا بوجھ صارفین پر منتقل کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔دورانِ سماعت چیئرمین نیپرا نے کہا کہ دوسری سہ ماہی میں زیادہ بوجھ این ٹی ڈی سی سسٹم کے استعمال کے چارجز کی وجہ سے ہے۔
این ٹی ڈی سی حکام نے کہا کہ ان میں دوسری سہ ماہی سمیت ماضی کے چارجز بھی شامل ہیں۔
نیپرا حکام نے کہا کہ این ٹی ڈی سی نے سسٹم کے استعمال کی مد میں 28 ارب 49 کروڑ روپے مانگے ہیں۔
ممبر نیپرا خیبر پختون خوا نے سوال کیا کہ آپ کے پاس بجلی ہے تو لوڈ شیڈنگ کیوں کرتے ہو؟
نیپرا حکام نے کہا کہ دوسری سہ ماہی کا اضافہ 50 پیسے فی یونٹ بنے گا، یہ اضافہ اپریل، مئی اور جون تک جاری رہنا ہے، اضافہ ہر ماہ 50 پیسے فی یونٹ بنے گا۔
پاور ڈویژن نے مطالبہ کیا کہ دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق مارچ سے کیا جائے۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ پہلے ہی مارچ میں صارفین 3 روپے فی یونٹ پچھلی سہ ماہی کا ادا کر رہے ہیں۔پاور ڈویژن حکام نے کہا کہ 50 پیسے سے فرق زیادہ نہیں پڑے گا۔اس کے ساتھ ہی نیپرا میں سماعت مکمل ہو گئی، جس کا فیصلہ بعد میں جانچ پڑتال کے بعد جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بجلی کمپنیوں کی جانب سے نیپرا میں 17 ارب 19 کروڑ80 لاکھ روپے کی وصولیوں کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔لیسکو نے 6 ارب 34 کروڑ 70 لاکھ ، گیپکو نے 6 ارب 56 کروڑ 60 لاکھ وصولی کی اجازت مانگی ہے۔ فیسکو نے صارفین سے 4 ارب 47 کروڑ 90 لاکھ روپے وصولی کی درخواست کی ہے جبکہ میپکو نے 2 ارب 40 کروڑ 70 لاکھ اور آئیسکو نے 1 ارب 32 کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کرنے کی استدعا کی ہے۔
چئیر مین توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں نیپرا میں درخواست کی سماعت میں نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ دوسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ 50 پیسے بنے گا۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ اپریل، مئی اور جون کے لئے ہوگا۔
نیپراحکام کا کہنا ہے کہ سماعت میں نیپرا ممبران ،انجئنیر مقصود انور خان ، مطہر نیاز رانا اور آمنہ احمد بھی موجود تھی ،ڈسکوز نے نیپرا کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 17،391 ملین روپے کی درخواستیں جمع کروائی ہیں، اس سے قبل مالی سال 23-2022 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سےایوریج 3روپے 08 پیسے فی یونٹ چارج کیا جا رہا ہے جو کہ مارچ 2023 تک لاگو ہے،اس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہو گا۔
نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر برہمی کا اظہارکیا ہے۔وزارت توانائی کی جانب سے مارچ، اپریل اور مئی میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہو گا،اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔