ایک نیوز: ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے بعد جہاں انسانوں سمیت بہت سے جانوروں کو بھی ریسکیو کیا گیا وہی ایک رضاکار نے بلی کوبھی ملبے سے نکال لیا جسے بلی اب چھوڑنے کیلئے تیار نہیں۔
ترکیہ اور شام میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد اب تک 46 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے تاہم ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے کوشش تاحال جاری ہیں جب کہ ساتھ ہی ملبے تلے دبے بے زبانوں کو بھی بچایا جارہا ہے۔
کچھ روز قبل یوکرین کے وزیر داخلہ کے مشیر اینتون نے ترکیہ زلزلے سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ملبے سے نکالی بلی اور نکالنے والے ریسکیو اہلکار کو دکھایا گیا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ بلی ملبے سے نکلنے کے بعد ڈر وخوف کی وجہ سے کہیں بھاگنے کے بجائے رضا کار کے کندھے پر ہی بیٹھی رہی تھی۔
تاہم اب اینتون کی جانب سے ایک اور تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ بلی اب رضاکار کو چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ہے اور وہ ریسکیو اہلکار کے ساتھ ہی رہ رہی ہے۔
دیکھا جاسکتا ہے کہ رضا کار اپنے گھر میں موجود ہے اور بلی بھی اس کے ساتھ بیٹھی ہوئی ہے۔