روس یوکرین تنازع: خام تیل کی قیمتیں نئی ریکارڈ سطح پر جاپہنچیں

روس یوکرین تنازع: خام تیل کی قیمتیں نئی ریکارڈ سطح پر جاپہنچیں
نیویارک :عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
عالمی منڈی میں منگل کے روز امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹر میڈیٹ خام تیل کی قیمت 4 ڈالر 93 سینٹس اضافے کے بعد 96 ڈالر تک جاپہنچی ہے۔
اسی طرح لندن برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر 36 سینٹس فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 98 ڈالر 75 فی بیرل ہوگئی ہے۔
لندن برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 7 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔
دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ جاپان کا نکئی 225 انڈیکس 461 .26 پوائنٹس کمی کے بعد 26 ہزار 449 پوائنٹس پر بند ہوا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روس یوکرین تنازع خام تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی شیئر بازاروں پر براہ راست اثر انداز ہورہا ہے۔
سیاسی و معاشی ماہرین کے مطابق اس وقت دنیا بھر کی نظریں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہرین معاہدے کے لئے مذاکرات پر لگی ہیں، اس حوالے سے کوئی بھی مثبت پیغام عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ روس نے یوکرین میں روس نواز باغیوں کے زیر اثر علاقوں کو آزاد ریاستیں تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے روس پر عائد معاشی پابندیاں مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے، نئی پابندیوں کا اعلان آج ہی کیا جائے گا۔