ایک نیوز:تحریک انصاف کے منحرف رکن اور سابق چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان نے پھر پٹری بدل لی ۔
سابق چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان بھی تحریک انصاف کو چھوڑ کر جے یو آئی میں شامل ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان جے یو آئی کے ٹکٹ پر پشاور سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے ۔ نور عالم خان نے مولانا عطاء الحق درویش و دیگر صوبائی رہنماؤں کی موجودگی میں جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
نور عالم خان پی ٹی آئی کے منحرف آراکین میں متحرک رکن تھے۔
یادرہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کے دور میں نورعالم خان نے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ طلب کرلیا تھا ۔بطورچیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی وزرائے اعظم، آرمی چیفس اور نیول چیفس سمیت چیف جسٹس، ایم این ایز، سینیٹرز، وزرائے اعلی اور گورنرز کو ملنے والے تحائف کا ریکارڈ طلب کیا تھا اور کہا تھا کہ سرکاری اور ریاستی فرائض سرانجام دیتے ہوئے جو تحفے اور تحائف وصول کئے جاتے ہیں. وہ ذاتی تحفے نہیں ہوتے. اسی لئے عوام کا حق ہے کہ ان کی تفصیل جان سکیں۔تاہم اس کیس کا بھی کچھ نہیں ہوسکا اور ان کا اعلان ہوا میں ہی تحلیل ہوکر رہ گیا۔
واضح رہے کہ نور عالم نے 2018 کے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ 2008 کے عام انتخابات سے چند ماہ قبل پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے تھے اور اسی برس رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ لیکن 2013 کے انتخابات میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے ہی ٹکٹ سے الیکشن لڑا مگر کامیاب نہ ہوسکے۔