خانیوال: پل نہ ہونے کے باعث شہری جنازہ بھی پیدل نہر کے اندر سے عبور کرنے پر مجبور

Dec 22, 2023 | 12:09 PM

ایک نیوز: خانیوال کی تحصیل کبیروالا میں منتخب عوامی نمائندوں کی بے حسی کے باعث ہزاروں کی آبادی کے لیے نہر پر پل نا ہونے کی وجہ سے فرید پور کے رہائشی جنازے کندھوں پر اٹھا کر نہر کے پانی سے گزرنے پر مجبور ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق کبیروالا کے علاقے موضع فرید پور گاؤں مچڑاں والا منظور مچڑ کا جنازہ شجاع آباد کینال نہر پر پل نہ ہونے کی وجہ سے نہر میں سے گزرا جا رہا ہے۔ پل نہ ہونےسے بہت سے قریبی موضع جات جن میں رائے پور، موہری پور، فرید پور، باقرپور اور پیپل مرالی کے ہزاروں لوگ اس ترقی یافتہ دور میں بھی نہر کے پل جیسی اہم سہولت سے محروم ہیں۔ 

سابقہ ادوار میں قومی اسمبلی کے اس حلقہ این اے 144 سے سید فخر امام اور بیرسٹر رضا حیات راج منتخب ہوتے رہے ہیں مگر آج بھی یہ علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ 

علاقہ مکینوں نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پل آبادی اور فاصلے سمیت ہر لحاظ سےاہل علاقہ کا حق ہے۔ ہزاروں لوگوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئےاس نہر کے پل کو فوری تعمیر کروایا جائے تاکہ علاقہ مکینوں کی مشکلات اور پریشانی کا ازالہ ہو سکے۔

مزیدخبریں