محسن نقوی کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ، سی ٹی سکین، ایم آرآئی رپورٹس 24 گھنٹے میں دینے کا حکم

محسن نقوی کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ، سی ٹی سکین، ایم آرآئی رپورٹس 24 گھنٹے میں دینے کا حکم
کیپشن: Mohsin Naqvi's visit to Children's Hospital, ordered to give CT scan, MRI reports within 24 hours.

ایک نیوز: وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ جہاں مریضوں اور تیمارداروں نے سی ٹی سکین کی رپورٹس تین تین روز بعد دینے کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے۔

شکایات کی فوری تصدیق کے بعد وزیراعلیٰ محسن نقوی نے موقع پر ایکشن لیتے ہوئے سیکریٹری صحت کو فون کیا۔  

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب بھر کے ہسپتال 24گھنٹے میں سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی رپورٹس مریضوں کو دینے کے پابند ہوں گے۔ سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی رپورٹس تاخیر سے دینے والے ہسپتال کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔ سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی رپورٹس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ رپورٹس کی مریضوں کو بروقت فراہمی کے عمل کو ہر سطح پر مانیٹر کیا جائے گا۔ 

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا، زیرعلاج بچوں کی عیادت کی۔ ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے زیر علاج بچوں کی ماؤں سے ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو زیر علاج بچوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ہدایات دیں۔ 

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کا بھی معائنہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔