جنوبی وزیرستان: آرمی پبلک سکول میں سالانہ تقسیم تقریب انعامات کا شاندار انعقاد

Dec 22, 2023 | 08:55 AM

ایک نیوز: آرمی پبلک سکول شکئی جنوبی وزیرستان میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک سکول شکئی کا شمار جنوبی وزیرستان کے اہم تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ سکول میں تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز 2015 میں کیا گیا۔ علاقے میں تعلیم کو فروغ دینے کے لئے بچوں اور بچیوں کے لئے الگ الگ کیمپس بنائے گئے ہیں، جہاں نرسری سے لے کر میٹرک تک تعلیم دی جاتی ہے۔ 

اس وقت سکول میں ۴۰۰ سے زائد طالبعلم تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ حال ہی میں آرمی پبلک سکول شکئی میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس میں علاقے کے نامور قبائلی مشیران نے شرکت کی۔ 

اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مہمان خصوصی نے حصول تعلیم کی اہمیت کو واضح کیا اور مستقبل میں بھی اسی طرح محنت کرنے کی تلقین کی۔ 

درس و تدریس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سکول انتظامیہ نے موثر اقدامات کیے ہیں اوراس سلسلے میں مرد اور خواتین اساتذہ کو ہاسٹل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ آخر میں مقامی مشیران نے تقریب کے انعقاد پر سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں