ایک نیوز نیوز: ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ایف آئی اے نے ڈیجیٹل کرنسی کرپٹو ٹرانزیکشنز پر ایک آدمی کو منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم دانیال فاروق خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کا رہائشی ہے، جس کے خلاف ایف آئی اے نے انکوائری کی اور اس کی ٹرانزیکشنز کے ثبوت ملنے کے بعد اسے حراست میں لے لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے 10 مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس ہیں، جن سے گزشتہ تین سالوں کے دوران 87 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔ ان ٹرانزیکشنز میں سے بیشتر کرپٹو کرنسی کی خریدوفروخت کے لیے کی گئیں۔ لوگ اس شخص کے اکاؤنٹس میں پاکستانی روپے بھجواتے تھے اور بدلے میں ملزم انہیں کرپٹو کرنسی مہیا کرتا تھا۔
دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی صورتحال پر نظر رکھنے والے اہم عالمی ادارے مالیاتی استحکام بورڈ (ایف ایس بی) نے کرپٹو کمپنیوں سے بینک جیسا سلوک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
فنانشل اسٹیبلٹی بورڈ (ایف ایس بی) نے کرپٹو کمپنیوں کیلئے عالمی قواعد وضوابط کی ایک ٹائم لائن طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ بورڈ عالمی کرپٹو ریگولیشن پر اپنی پہلی سفارشات کو نافذ العمل بنائے گا۔