ڈی جی رینجرز، آئی جی ایف سی کی عدم موجودگی پر آرمی چیف کو شکایت لگانے کا فیصلہ

Dec 22, 2022 | 15:58 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز:  پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی ایف سی نارتھ کی اجلاس میں غیرحاضری پر ناراض ہوتے ہوئے آرمی چیف سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی ایف سی نارتھ کی عدم موجودگی پر کمیٹی نے اظہار ناراضی کیا۔

پی اے سی کمیٹی نے ڈی جی رینجرز کی غیر حاضری کے باعث رینجرز کے پیراز لینے سے انکار کردیا۔ چیئرمین کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ رینجرز کے پیراز انتہائی تشویش والے ہیں لیکن ڈی جی رینجرز نہیں آئے،  ڈی جی رینجرز، آئی جی ایف سی نارتھ کی غیر حاضری پر آرمی چیف کو آگاہ کیا جائے۔

پی اے سی (پبلک اکاؤنٹس کمیٹی) کی جانب سے سیکریٹری داخلہ پر بھی اظہار ناراضی کرتے ہوئے طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا۔

دریں اثنا اجلاس میں پاک افغان سرحد پر کشیدگی، فائرنگ اور افغان فورسز کی گولہ باری سے پاکستانیوں کی شہادت کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

کمیٹی کے رکن مشاہد حسین سید نے کہا کہ امریکا افغانستان میں 95 ہزار جدید ترین بندوقیں چھوڑ گیا، امریکا کی افغانستان میں چھوڑی گئی جدید بندوقیں ٹی ٹی پی تک کیسے پہنچیں؟ یہ گنز نائٹ ویژن بھی رکھتی ہیں۔

رکن شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ یہ جدید گنز بنوں میں ہماری وردیوں کو خون میں رنگ گئیں، ہماری ایک پالیسی کیوں نہیں رہتی؟ ایک سابق افسر افغانستان جا کر طالبان کے ساتھ چائے پیتے اور تصویریں بنواتے ہیں۔

مزیدخبریں