ایک نیوز نیوز: توانائی کی بچت کے لیے محکمہ بلدیات نے اہم قدم اٹھا لیا۔ صوبہ بھر میں سولر سٹریٹ لائٹس لگانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری بلدیات سید مبشر حسین کی زیر صدارت سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ انرجی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان نے سولر لائٹس منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سیکرٹری انرجی محمد اجمل خان بھٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔
سیکرٹری بلدیات سید مبشر حسین کا کہنا ہے کہ 6 لاکھ 34 ہزار سٹریٹ لائٹس کی جگہ سولر سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، ملتان اور اوکاڑہ میں سولر سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔
سیکرٹری بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے لیے چار بڑے شہر منتخب کر رہے ہیں۔ سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے بجلی کی بچت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی لاہور سمیت صوبہ بھر میں موجود لائٹس سالانہ 336 گیگاواٹ بجلی استعمال کر رہی ہیں۔ سولر لائٹس کی تنصیب سے سالانہ 202گیگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے محکمہ بلدیات انقلابی اقدامات کر رہا ہے۔
اجلاس میں چیف آفیسر ایم سی ایل علی عباس بخاری، مینیجنگ ڈائریکٹر پی ایم ڈی ایف سید زاہد عزیز نے بھی شرکت کی۔