علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عالمی پروازوں کی آمدورفت شروع

لاہور:شدید دھند ، انٹرنیشنل پروازیں اسلام آباد کی طرف موڑ دی گئیں
کیپشن: لاہور:شدید دھند ، انٹرنیشنل پروازیں اسلام آباد کی طرف موڑ دی گئیں

ایک نیوز نیوز:علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول پر آگیا،پروازوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق دھند میں ائرپورٹ پر حد نگاہ صبح 4بجکر30 پر بہتر ہوگئی تھی۔پی آئی اے کی ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 790 رات کو اسلام آباد ائرپورٹ پر اُتارنا پڑی،پی آئی اے کی باکو اور دوبئی سے لاہور آنے والی فلائٹس بھی رات کو اسلام آباد لینڈ کر گئیں،بیشتر غیر ملکی ایر لائنز نے اپنا فلائٹ شیڈول ہی تبدیل کردیا۔

واضح رہے کہ لاہور میں شدید دھند کے باعث ہوائی جہازوں کے پائلٹوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جس کے باعث رات سے صبح تک بین الاقوامی آپریٹ پروازیں اسلام آباد منتقل کر دی گئی تھیں۔

ترجمان کے مطابق پروازوں کی منتقلی مسافروں کو طویل انتظار سے بچانے کیلئے کی گئی تھی، منتقلی عارضی تھی اور دھند کم ہونے پر صورتحال معمول پر آگئی۔ 

پی آئی اے نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’پروازوں کی منتقلی فضائی حفاظت اور مسافروں کو طویل انتظار کی کوفت سے بچانے کے تناظر میں کی گئی ہے۔ مسافروں کو ایئرپورٹ پک یا ڈراپ کرنے والے افراد سے درخواست ہے کہ وہ پروازوں سے متعلق بروقت معلومات کے لیے پی آئی اے کال سینٹر 786 786 111 سے رجوع کریں۔‘
اعلامیے میں مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ ’ٹکٹ بکنگ کے وقت اپنا درست نمبر ضرور ریکارڈ کروائیں تاکہ مسافروں کو بذریعہ کال یا ایس ایم ایس پروازوں کے اوقات میں رد و بدل سے متعلق بروقت معلومات مہیا کی جا سکے۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے لاہور میں شدید دھند کے باعث اندرون و بیرون  جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار تھیں، صبح کے اوقات میں پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی تھی ۔