ناصر بٹ نے ٹی وی چینل کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا

Dec 22, 2022 | 09:52 AM

ایک نیوز نیوز: برطانوی عدالت نے قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اور سینئر رہنما ناصر بٹ پر نجی چینل کو سنگین الزامات لگانے سے روک دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر بٹ نے لندن میں ٹی وی چینل کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔ لندن ہائیکورٹ کے جج ماسٹر ڈیگنل نے چینل کو مقدمے کے اخراجات ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

ناصر بٹ نے ٹی وی چینل کے خلاف ایک لاکھ پاؤنڈ کا ہتک عزت کا مقدمہ جیتا، ٹی وی چینل نے اپنے دو پروگراموں میں ناصر بٹ پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مسلم لیگی رہنما ناصر بٹ کے خلاف مہم سیاسی مخاصمت پر چلائی گئی، ناصر بٹ کو نواز شریف سے قربت پر پی ٹی آئی حکومت اور چند اینکرز نے نشانے پر رکھا، ناصر بٹ کو ارشد ملک کی ویڈیو بنانے پر پی ٹی آئی حکومت اور چند اینکرز نے نشانے پر رکھا۔

جج ماسٹر ڈیگنل نے چینل کو نواز شریف، ناصربٹ کے خلاف برطانیہ میں بےبنیاد الزامات لگانے سے روک دیا اور کہا کہ خاندان پر حملے اور الزامات کے باعث ناصر بٹ مناسب ہرجانے کا مستحق ہے۔

ناصر بٹ نے اس موقع پر کہا کہ جھوٹے الزامات لگانے والے بےنقاب ہوئے، یقین تھا فتح سچ کی ہو گی، برطانوی عدالت کا فیصلہ نواز شریف کی بے گناہی کا نیا ثبوت ہے۔

مزیدخبریں