ایک نیوز نیوز: نشئی باپ سے تنگ پنجاب کے علاقے شجاع آباد میں گھر سے بھاگ کر کراچی آنے والے 3 بہن بھائیوں کو ایک شہری کی مدد سے پولیس نے والدہ کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن غلام رسول ارباب نے بتایا کہ 12 دسمبر کو اتحاد ٹاؤن میں رات کے وقت آخری اسٹاپ پر شہری اقبال کو 3 بہن بھائی بے یارومددگار ملےتھے۔ بچوں میں 12 سالہ شاہ نور بہن اور 10 سالہ محمد اذان ،7 سالہ فیضان بھائی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچے نشے کے عادی باپ کے ظلم سے تنگ آکر شجاع آباد سے کراچی بھاگے تھے۔
بچوں کو والدین سے ملانے کیلئے شہری شاہد اقبال نے پولیس سے رجوع کیا۔ ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن سب انسپکٹر غلام رسول نے شجاع آباد پولیس سے رابطہ کرکے بچوں کے والدین کو ڈھونڈ ا۔
بچوں کی والدہ اپنے بچوں کو لینے شجاع آباد سے تھانہ اتحاد ٹاؤن پہنچ گئی جس کے بعد بچے والدہ کے ہمراہ بس یا ٹرین کے ذریعے روانہ ہوجائینگے۔