ایک نیوز :عام انتخابات میں نتائج کی فوری ترسیل سے متعلق الیکشن کمیشن نے موبائل ایپلی کیشن بنا لی ۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انتخابات کے بروقت نتائج کے حصول کے بارے میں بریفنگ دی گئی،اجلاس میں الیکشن کمیشن نے موبائل ایپلی کیشن ’‘ رزلٹ کمپائلیشن سسٹم ’‘ پر فرضی مشق کر کے اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں بتایا گیا کہ جدید نظام کے تحت پریذائیڈنگ آفیسر ریٹرننگ آفیسر کو موبائل ایپ کے ذریعے فوری رزلٹ بھیج سکے گا، ریٹرننگ آفیسر اس سسٹم کے تحت فوری اور ووٹوں کے درست اعدادوشمار کے ساتھ غیر حتمی رزلٹ مرتب کر سکے گا۔اجلاس میں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کے کام کا بھی جائزہ لیا اور صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات کو مراسلہ جات بھیجے کہ فوری نقشہ جات اور ضروری ریکارڈ فراہم کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کا عمل فوری طور پر شروع کر سکے۔