پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ

Aug 22, 2023 | 21:24 PM

ایک نیوز : پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترامیم کے مسوّدہ جات پر صدرِمملکت کی ٹویٹ کے بعد کی صورتحال کا خصوصاً جائزہ لیا گیا۔ صدرِمملکت کیخلاف نفرت انگیز حکومتی پراپیگنڈہ صدر کو جھکانے اور حقائق کو دھندلانے کی کوشش قراردی گئی ۔

کور کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ صدرِمملکت کے غیرمعمولی ٹویٹ کے بعد قوم شدید اضطراب و تشویش میں مبتلا ہے،  معاملے کی بھرپور پڑتال، حقائق کے تعین اور سربراہِ ریاست کے منصب کو نیچا دکھانے والوں کا کڑا محاسبہ نہایت اہم ہے،  دھونس اور جبر کی بنیاد پر کسی کو معاملہ الجھانے یا ذمہ داروں کو بچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، عدالتِ عظمیٰ آئین و ریاست کے وسیع تر مفاد میں اس غیرمعمولی معاملے کو بلاتاخیر اٹھائے۔

 کمیٹی کی جانب سے بٹگرام میں حادثے کا شکار ہونے والی چیئر لفٹ اور جاری ریسکیو آپریشن پر بھی غورکیا گیا  چیئرلفٹ میں پھنسے نونہالوں اور ان کے معلّم کی مکمل سلامتی اور بحفاظت ریسکیو کیلئے ربّ العزت سے خصوصی دعا اپنی جانوں پر کھیل کر قیمتی جانوں کے تحفظ کیلئے ریسکیو آپریشن میں مصروف پاک فوج کے جوانوں کی کامیابی کیلئے بھی دعا کی گئی۔

مزیدخبریں