ایک نیوز: امریکا میں شکاگو پولیس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو گولیاں مارنے کی دھمکیاں دینے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو کی رہائشی 41 سالہ میری فورینزا نے ای میل کے ذریعے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے بیٹے بیرن ٹرمپ کو گولیاں مارنے کی دھمکی دی تھی۔
شکاگو کے اٹارنی آفس کا کہنا ہے کہ رواں مہینے کے اوائل میں خاتون کے خلاف فلوریڈا کے ڈسٹرکٹ کورٹ میں باضابطہ شکایت درج کروائی گئی تھی۔
اٹارنی آفس کے مطابق خاتون کے خلاف درج شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ خاتون نے دھمکی آمیز ای میل میں لکھا تھا کہ میں حلفیہ کہتی ہوں کہ جہاں کہیں مجھے موقع ملا میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے بیٹے بیرن ٹرمپ کو گولیاں مار دوں گی۔
اٹارنی آفس کے مطابق مذکورہ ای میل ڈونلڈ ٹرمپ کے آبائی علاقے پام بیچ کاؤنٹی میں ایک تعلیمی ادارے کے سربراہ کو بھیجی گئی تھی۔
اٹارنی آفس کے مطابق خاتون فورینزا کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو مارنے کی دھمکی پر مبنی ایک اور ای میل جون کے مہینے میں بھی بھیجی گئی تھی۔