ایک نیوز:صدرمملکت عارف علوی کاکہنا ہے کہ خصوصی افرادکو ان کے ہنر اور صلاحیتوں کے مطابق نوکریاں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ایوان صدر میں صدرمملکت عارف علوی سے برلن سپیشل اولمپکس میں شرکت کرنے والی پاکستان کی سپیشل اولمپکس ٹیم کے ممبران نے ملاقات کی۔صدر مملکت اور خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے ملک کی نمائندگی کرنے اور نام روشن کرنے پر پاکستان کی سپیشل اولمپکس ٹیم کو سراہا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیشل اولمپکس میں میڈلز جیتنے پر پاکستان سپیشل اولمپکس کی پوری ٹیم اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔صدر مملکت کاکہنا تھاکہ خصوصی افراد کو صحت، تعلیم ، روزگار اور کھیلوں میں اپنا نام پیدا کرنے کا موقع دینا ہوگا۔ پاکستان میں ایک جامع اور شمولیت پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم سپیشل اولمپکس نے کھیل کے میدان میں بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی کاکہنا تھاکہ پاکستان کی سپیشل اولمپکس ٹیم کا 11 کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینا باعث فخر ہے ۔خوشی ہوئی کہ ذہنی معذوری کے شکار افراد نے بھی کھیلوں میں حصہ لیا۔ پاکستان کی سپیشل اولمپکس ٹیم نے میڈلز جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔