ایک نیوز :لائن آف کنٹرول پر شہری کی شہادت کے بعد پاکستان کا شدید احتجاج،بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی،احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے کوٹلی ضلع کے اولی گاؤں کے رہائشی 60 سالہ شہری غیاث شہید ہو گیا۔بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا یہ واقعہ 21 اگست 2023 کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نکیال سیکٹر میں پیش آیا۔
ترجمان کے مطابق اس طرح کی کارروائیاں 2003 کے سیز فائر مفاہمت کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ بھارتی افواج کو انتہائی احتیاط برتنی چاہیے کیونکہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے منافی ہے۔بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کرے اور سیز فائر مفاہمت کا احترام کرے۔