ایک نیوز: عبوری وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے قومی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت عبوری وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو اپنے جڑانوالہ دورے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے واضح پیغام دیا ہے کہ ملک میں انتہاپسندی اور مذہبی کشیدگی کی ہرگز بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان میں موجود اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی اولین فرائض کا حصہ ہے۔ جڑانوالہ کے واقعہ میں ملوث افراد کی قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے گی۔
کابینہ نے آئندہ ہفتے قومی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ کانفرنس میں بین الاقوامی سطح کے مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر کے علماء کو مدعو کیا جائے۔
کانفرنس پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
اس کے علاوہ آج کے اجلس میں وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر مالی سال2023-24 کے لیے دیت کی رقم جو کہ 30,630 گرام چاندی کے برابر ہوتی ہے کو 67 لاکھ 57 ہزار 902 روپے مقرر کردیا۔