ایک نیوز: پولیس اور اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیرِ موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن نے زرتاج گل وزیر کو گرفتار کرنے کیلئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا جو ناکام رہا جبکہ زرتاج گل وزیر گھر میں تلاشی کے دوران گھر پر موجود نہیں تھیں۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ زرتاج گل وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن لیا اور اپنے مقدمات کی تفتیش میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سے تعاون بھی نہیں کر رہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر بد عنوانی اور کک بیکس کے مقدمے میں مطلوب ہیں تاہم ان کے تعاون نہ کرنے کے باعث پولیس کو چھاپہ مار کارروائی کرنی پڑی۔