ایک نیوز: پاکستان رینجرز نے بھارت کی طرف سے سمگلنگ کی بڑی کاروائی ناکام بنا دی۔ 29 جولائی سے 3 اگست تک دراندازی کی کوششوں میں 6 بھارتی اسمگلرز کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گرفتار بھارتی شہری منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔ گرفتار بھارتی شہریوں میں فیروزپور کے رہائشی گرمیج سنگھ، شندر سنگھ، جگندر سنگھ اور وشال سنگھ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ سے تعلق رکھنے والا گروندر سنگھ بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار اسمگلروں کے خلاف پاکستان میں غیر قانونی داخلے اور ریاست مخالف سرگرمیوں پر پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اسمگلروں کی بی ایس ایف کے زیرنگرانی بارڈر سے بلا روک ٹوک نقل و حرکت حیران کن ہے۔ بھارتی بی ایس ایف کا اسمگلروں کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بعید از قیاس نہیں۔ توقع رکھتے ہیں کے بی ایس ایف بارڈر پر نگرانی کا نظام مؤثر اور اسمگلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ ختم کرے گی۔
دوسری جانب دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ انتخابات قریب آتے ہی مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈے جاری ہیں۔ سیز فائر خلاف ورزیوں اور دراندازی کوششوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز بھارتی فوج نے 3 سال سے جاری سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے 60 سالہ غیاث کو شہید کر دیا تھا۔
ہندوستان ماضی میں بھی پاکستان میں اسمگلنگ اور دہشتگردوں کی پشت پناہی میں ملوث رہا ہے۔ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی، اسمگلنگ اور دراندازی میں اضافہ مودی سرکار کی طرف سے جنگ کا ماحول بنا کر 2024 کے انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔
جعلی سرجیکل اسٹرائیک، پلوامہ ڈرامہ اور اڑی حملہ مودی کی طرف سے انتخابی اسٹنٹ تھے۔ جیسے جیسے انتخابات قریب آئیں گے، مودی سرکار کی طرف سے پاکستان مخالف کارروائیوں اور بیانیے میں شدت آئے گی۔