ایک نیوز:خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا اور تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کا بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ریسکیو آپریشن کامیاب ہوگیا اور 600 فٹ بلندی پر چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ جی او سی ایس ایس جی نے ریسکیو آپریشن کی قیادت کی، آرمی چیف کی ہدایت پر آرمی ایوی ایشن، ایس ایس جی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن کا تیزی سے آغاز کیا، پاک فوج کی اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم اور پی اے ایف کا ہیلی کاپٹر بھی آپریشن کا حصہ بنا، سلنگ ٹیم کو آرمی ایوی ایشن نے مکمل تکنیکی مدد فراہم کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن میں پاک فوج، پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بےمثال مہارت اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مقامی کیبل ایکسپرٹ کی بھی خدمات حاصل کی گئیں، آپریشن میں سول انتظامیہ اور مقامی افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، یہ ایک انتہائی مشکل اور کٹھن آپریشن تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی آپریشن کا آغاز کیا، ریسکیو آپریشن میں شامل تمام ٹیموں نے اس منفرد آپریشن کو سرانجام دیکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، افواج پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں عوام کی آواز پر لبیک کہا ہے، افواج پاکستان مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور رہیں گی۔
ترجمان ریسکیو 1122 پختونخوا کے مطابق چیئرلفٹ میں پھنسے تمام 8 افراد کو باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے اور ریسکیو کیے گئے افراد میں عرفان، نیاز محمد، رضوان، گلفراز، شیر نواز، ابرار، عطا اللہ اور اسامہ شامل ہیں۔
ایک بچے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کرنے کے بعد گراؤنڈ سے آپریشن شروع کیا گیا، ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن رات اور موسم کے باعث روک دیا گیاتھا تاہم چھوٹی ڈولی کو متاثرہ ڈولی کے قریب لے جاکر وہاں سے لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ۔
قبل ازیں چھوٹی ڈولی کے ذریعے بچوں کیلئے پانی ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء بھیجی گئیں اور اسی ڈولی میں انتہائی احتیاط کے ساتھ بچوں کو ریسکیو کیا کیا گیا۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-08-22/news-1692703360-1908.mp4
یاد رہے کہ بٹگرام میں آلائی پاشتو کے مقام پر چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی تھی۔ چیئرلفٹ کے اندر سکول کے طلباء اور اساتذہ سوار ہیں۔ ریسکیو آپریشن کیلئے پاک فوج کا ہیلی کاپٹر موقع پرپہنچ گیا ہے۔پاک فوج نے ریسکیو آپریشن کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔
چیئرلفٹ کی بلندی 900 فٹ بتائی جارہی ہے۔ جس کی ایک رسی ٹوٹ جانے کی وجہ سے چیئرلفٹ فضاء میں لٹک گئی ہے۔ رسی ٹوٹ جانے کی اطلاع پر مساجد میں مدد کیلئے اعلانات کروائے گئے۔
چیئرلفٹ میں پھنسے طلباء کی خیریت سے ریسکیو کیلئے جانور کی قربانی:
چیئرلفٹ میں پھنسے طلباء کی خیریت سے واپسی کیلئے بٹگرام میں خصوصی دعائیں کرائی گئیں۔ مقامی لوگوں نے خیرات و صدقات دینا شروع کردیے۔
پیرزئی ملکال قوم کی جانب سے سی پیک پر جانور ذبح کرکے دعا کی گئی۔ لفٹ میں پھنسے طلبہ کی خیریت سے ریسکیو کیلئے جانور ذبح کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ سربراہ پیرزئی ملکال قوم فیاض محمد جمال کی احکامات پر سی پیک پر جانور ذبح کیاگیا۔
ڈولی دکھنے میں کیسی ہے؟
چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔
پی ڈی ایم اےنے چیئرلفٹ واقعہ سے متعلق تفصیلات جاری کردیں:
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (پی ڈی ایم اے) نے بٹگرام چیئرلفٹ واقعہ سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق علاقہ پاشتو میں چیئرلفٹ پھنسنے کا واقعہ صبح 8:30 بجے پیش آیا، چیئرلفٹ پہاڑوں کے بیچ برساتی نالہ جہانگیری خوڑ پرنصب ہے، جب کہ اس وقت اس لفٹ میں 8 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی تفصیلات کے مطابق پھنسے افراد میں ابرار، عرفان، گلفراز اور اسامہ شامل ہیں۔اس کے علاوہ رضوان اللہ،عطااللہ، نیاز محمد اور شیرنواز بھی چیئرلفٹ میں پھنسے ہیں،چیئرلفٹ تقریباً 2 ہزار میٹر کی بلندی پر لگی ہے۔
نگران وزیراعظم کا چیئرلفٹ معاملے کا نوٹس:
نگران وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ نے بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئر لفٹ میں پھنسے 8 افراد کے فوری ریسکیو کی ہدایت کردی ہے۔
وزیرِ اعظم نے NDMA، PDMA، اور تمام متعلقہ ریسکیو اداروں کو تمام تر وسائل بروئے کار لا کر طالب علموں اور اساتذہ کو ریسکیو کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِاعظم نے پہاڑی علاقوں میں موجود ایسی تمام چیئر لفٹس پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ وزیرِ اعظم نے خستہ حال اور حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی چیئرلفٹس کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی کی چیئرلفٹ معاملے پر حفاظتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت:
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کے لیے فوری طور پر حفاظتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
راجا پرویز اشرف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کی جانیں بچانے کے لیے فوری طور پر امدادی کارروائیاں جلد از جلد کی جائیں۔ انہوں نے چیئر لفٹ میں موجود بچوں اور اساتذہ کو بچانے کیلئے فوری طور پر ہیلی کاپٹر بھیجنے اور تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے تمام افراد کے حفظ وامان کے لیے دعاگو ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ کا واقعے کا نوٹس:
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے چیئرلفٹ ٹوٹنے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری سے رابطہ کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ نے لفٹ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔