ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے توہین عدالت کے اختیارات استعمال کرنے کیخلاف درخواست سماعت پر سماعت ہوئی،جسٹس وحید خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا 20جون کا حکم نامہ چیلنج کیا ہے، الیکشن ایکٹ 2017کی شق 10کے تحت الیکشن کمیشن بھی ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کی طرح توہین عدالت کے اختیارات استعمال کررہا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہاکہ توہین عدالت کی کاررورائی کااختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے پاس موجود ہے، توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے، لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس وحید خان نے درخواست سماعت کیلئے منطور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کا حتمی فیصلہ کرنے سے روکتے ہوئے معاملہ فل بنچ کے رو برو بھجوا دیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن آئندہ سماعت پر اس حوالے سے تحریری جواب جمع کروائے،عدالت نے آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کردیے۔