ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل پر تشدد کی تحقیقاتی رپورٹ سامنےآگئی ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق شہباز گل پر جنسی تشدد ہوا نہ جسمانی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل نے بھی اپنے تحریری بیان میں جنسی تشدد کا ذکر نہیں کیا۔
تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ شہباز گل پر جنسی تشدد کی تصدیق کوئی بھی ماہر نہیں کرسکا۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے 6 رہنما پولیس کے پاس آئے تھے، ان کے پاس بھی تشدد کا کوئی ثبوت نہیں تھا، تحقیقاتی رپورٹ آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر کے دستخطوں سے تیار کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ جن صحافیوں نے متحرک انداز میں تشدد کی باتیں کیں وہ بھی سامنے نہ آئے، تحقیقات کے دوران شہباز گل کو پکڑنے اور تفتیش کرنے والے افسران کے بیانات بھی ریکارڈ کیےگئے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے متعدد بار شہباز گل پر پولیس کی حراست میں جنسی اور جسمانی تشدد کے الزامات عائد کیے تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو تشدد سے متعلق انکوائری رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے رکھا ہے۔اس سلسلے میں آئی جی اسلام آباد کی نگرانی میں پولیس کی جانب سے تحقیقات کی جارہی تھیں۔