ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہو چکی ، عمران خان کی امانت اور صداقت کا جنازہ نکل چکا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جب معلوم ہوا کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے تو اس نے فتنہ، فساد، انتشار اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جن کا مقصد معاشی استحکام اور عوام کے اعتماد کو خطرے میں ڈالنا ہے، ان کا مقصد ملک کو دیوالیہ کرنا تھا جبکہ موجودہ حکومت معیشت کو درست سمت میں گامزن کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے پچھلے چار سال معاشی سرنگیں بچھائیں، آئی ایم ایف کا پروگرام تباہ کیا تاکہ ملک دیوالیہ ہو اور جب فارن ایڈڈ پارٹی کے فارن ایجنٹ چیئرمین ملک پر مسلط ہو تو پھر ملک کے ساتھ یہی کچھ ہوتا ہے، عمران خان تماشوں، ڈراموں، نوٹنکی اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ کا عادی ہے، عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہو چکی ہے اور اب وہ اپنی من گھڑت اور بے بنیاد بیانیہ پھیلا کر ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں حالیہ سیلاب سے مرنے والے ہر فرد کے سوگوار لواحقین کو دس لاکھ روپے بطور معاوضہ فراہم کیے جا رہے ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب سے متاثرہ افراد کو 25 ہزار روپے نقد فراہم کیے جا رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو نقد امداد فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی حکام کے تعاون سے ایک مشترکہ سروے نے مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متعلق واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔