ایک نیوز نیوز: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے خاتون جج کو دھمکانے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا خیر مقدم کیا ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے لارجر بینچ بنانے کو سراہتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق خاتون جج کا نام لے کر تنقید نہ صرف جج بلکہ پورے عدالتی نظام کے وقار کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے خاتون سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکانے کے معاملےکا نوٹس لے لیا ہے۔
عدالت نے رجسٹرار کے نوٹ پر معاملےکا نوٹس لیا اور اس کیلئے لارجر بینچ تشکیل دے دیا جبکہ لارجربینچ میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب اور جسٹس بابر ستار شامل ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بینچ عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی منگل کے روز سماعت کرے گا۔