ایک نیوز:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی معطلی کا فیصلہ واپس لے لیا۔
قومی اسمبلی کااجلاس سپیکر سردار ایازصادق کی زیرصدارت سوا گھنٹہ تاخیرسے شروع ہوا۔رابعہ نصیر فاروقی نے رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھالیا۔
پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی سید نوید قمر کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھاکہ کسی سپیکر کے لئے کسی رکن کو معطل کرنا پسندیدہ بات نہیں ۔انتہائی اقدامات انتہائی صورتحال میں لئے جاتے ہیں۔پارلیمنٹ مضبوط ہو گی تو اپوزیشن مضبوط ہو گی، ہمیں لوگوں کے مسائل حل کرنا ہیں۔احتجاج کرنا آپ کا حق ہے، لیکن پارلیمنٹ میں مسائل کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔
حکومت نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی معطلی کا فیصلہ واپس لینے کی حمایت کر دی
اسپیکر قومی اسمبلی نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی معطلی کا فیصلہ واپس لے لیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں اراکین اسمبلی کو بحال کر دیا۔دونوں اراکین کی بحالی کی تحریک وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے گزشتہ سیشن میں اسپیکرنے ایک رولنگ دی تھی۔اپوزیشن کے 2ممبران کو اسپیکر نے معطل کیاتھا ۔اپوزیشن کے وفد نے آپ سے چیمبر میں ملاقات کی تھی۔ملاقات میں آپ نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
عمر ایوب کاکہنا تھاکہ ڈیڑھ ماہ قبل ایک پولیس اہلکار مشتاق نے اور اراکین پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح کیا تھا۔ پارلیمنٹ کے دروازے بند کیے جانے کے معاملے کی ڈپٹی اسپیکر نے انکوائری کرائی تھی ۔بتایا جائے ڈیڑھ ماہ گزرنے کے بعد اس معاملے میں کیا پیشرفت ہوئی ہے۔پولیس اہلکار کو اراکین قومی اسمبلی کا راستہ روکنے کا حق نہیں تھا۔
سنی اتحاد کونسل کے ملک عامر ڈوگر کانکتہ اعتراض پراظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ایران کے صدر پاکستان کے دورے پر ہیں ۔ایرانی صدر کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ایران نے جس طرح اسرائیل کو جواب دیا قومیں اس طرح ہوتی ہیں ۔ایران نے جس طرح اسرائیل کو جواب دیا پاکستان کو اس کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
سپیکر نے کہا کہ ایرانی صدر کے ساتھ ملاقات کیلئے آپ کو بھی ساتھ لے گیا۔پیغام یہ دیا کہ پوری پارلیمنٹ ایک ہے۔ایران کے ساتھ تعلقات پر ہم سب کا ایک موقف ہے ۔احتجاج آپ کو حق ہے ضرور کریں یہ چیزیں طے کریں کہ ہم کس حد تک جاسکتے ہیں۔
عامر ڈوگر کاکہنا تھاکہ او آئی سی اور ہمارا ملک فلسطین کے معاملے میں کہاں ہے۔فلسطین کے معاملے پر ہماری خاموشی انتہائی تشویش ناک ہے ۔اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے وہاں او آئی سی اور امت مسلمہ کی خاموشی شرمناک ہے۔طے ہو گیا کہ پاکستان میں ریجیم چینج بھی مسلم دشمنی کا شاخسانہ تھا۔اگر آج عمران خان ہوتا تو پاکستان کی آواز پوری دنیا میں بلند ہوتی۔ عمران خان دنیا بھر میں فلسطینیوں کی بات کرتا۔ہمارے لیڈر نے ہی کہا تھا ایبسلیوٹلی ناٹ۔آج جو حکمران بیٹھے ہیں وہ امریکن نواز ہیں۔انہوں نے ہماری خود مختاری کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
عامر ڈوگر کے خطاب کے دوران حکومتی ارکان کا احتجاج،ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ جلد وہ وقت آئے گا جب ملک میں عوامی حکومت آئے گی ۔علامہ اقبال نے کہا تھا :۔
پانی پانی کر گئی مجھ کو قلندر کی وہ بات
تو جھکا جب غیر کے اگے نہ من تیرا نہ تن
سنی اتحاد کونسل کی رکن زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان میں 5 سیلولر کمپنیوں کو 80 فیصد لوگ استعمال کرتے ہیں۔جب مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنا ہو تو ان کمپنیوں کی سروسز پر پابندی لگا دی جاتی ہے۔14 اگست کو پلاسٹک پولویشن کے خاتمے کے لئے ہماری حکومت کی طرف سے پلاسٹک کے خاتمے پر پابندی لگائی گئی ۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن کے حوالے سے احتجاج کیا۔ضمنی الیکشن کا دن جمہوریت کا سیاہ دن تھا۔الیکشن کمیشن اسٹاف نے کہا کہ ووٹ پہلے ڈالے جا چکے ہیں۔عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ہم حکومت کے خلاف بھی آج احتجاج کر رہے ہیں۔پہلے سعودی عرب کا وفد اور آج ایران کا وفد آیا ہے۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ ایک ماہ میں 3 بار بجلی کی قیمت بڑھی ہے ۔عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ حکومت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی۔آج ملک میں آئین بحران اور دہشتگردی عروج پر ہے۔ ضمنی الیکشن 8 فروری کے انتخابات کا تسلسل تھا۔اب پہلے ہی فارم 45 دستخط لے لئے گئے تھے ۔اس ملک میں جنگل کا قانون ہے ۔الیکشن کمیشن آئینی ادارہ اپنی ساکھ کھو بیٹھا ہے ۔چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں چیف جسٹس دھاندلی کا نوٹس لیں۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایجنڈے کی تکمل پر قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا۔