صدرمملکت  کی ایرانی صدرسے ملاقات،دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال 

Apr 22, 2024 | 19:48 PM

ایک نیوز:صدرمملکت آصف زرداری کی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات،دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ایوان صدر میں صدرمملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیرداخلہ محسن نقوی, سلیم مانڈوی والا سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے۔

صدرمملکت آصف زرداری کاکہنا تھاکہ میرے بھائی، ایران کے صدر کا استقبال کرنا اعزاز کی بات ہے۔ ہم نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ موجودہ تعلقات کو تقویت دینے کے لیے اپنی بات چیت اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور ایران مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔

 صدر آصف علی زرداری کا غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار،غزہ کے عوام کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کی ۔

صدر مملکت کاکہنا تھاکہ پاکستان فلسطینی کاز کی مستقل اور واضح حمایت جاری رکھے گا۔

دونوں صدور  نے غزہ کے عوام پر اسرائیلی جبر کے خاتمے، انسانی امداد میں اضافے کے لیے بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدرمملکت آصف زرداری کاکہنا تھاکہ   پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان - ایران تعلقات کو دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے عام انتخابات کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے سربراہ مملکت ہونے پر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے اصولی موقف اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور ان کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت پر ایران کو سراہا۔

 ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی  نےباہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید وسیع اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آصف زرداری  کاکہنا تھاکہ  دونوں برادر ممالک کے مفاد میں اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔دونوں ممالک میں دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر کی سطح تک بڑھانے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

 ایران کے صدر نے غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران فلسطینی بھائیوں کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

بعد ازاں ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔

مزیدخبریں