وزیرداخلہ  کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات،سکیورٹی تعاون پرتبادلہ خیال

Apr 22, 2024 | 18:24 PM

ایک نیوز :وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات،بارڈرمینجمنٹ،سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے  ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی کی ملاقات میں  سکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، سمگلنگ، بارڈر منیجمنٹ ہر تبادلہ خیال کیاگیا۔ پاکستانی زائرین کیلئے سہولتوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مختلف امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔ پاکستانی قوم ایرانی صدر اور انکے وفد کی پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرتی ہے۔

پاکستان اور ایرانی وزیرداخلہ نے ملاقات میں دونوں ملکوں کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ  کیا ۔دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے، دونوں رہنماؤں کا دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا ۔اس سلسلے میں باہمی معاونت کو مزید بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی معاہدے پر بھی جلد از جلد دستخط ، اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ ہوا ۔

ایرانی وزیر داخلہ کی اس ضمن میں پاکستانی ہم منصب کو ایران کے دورے کی دعوت ، عراقی ہم منصب کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔

وزیر داخلہ کا ایران کے دورے کی دعوت پر اپنے ہم منصب کا شکریہ،دونوں اطراف کا قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے پر اتفاق  ہوا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہنا تھاکہ میرا مقصد ہے کہ ان قیدیوں کی اپنے وطن جلد از جلد واپسی ممکن ہو۔

دونوں ممالک کا بارڈر مینجمنٹ ، سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ،دونوں اطراف بارڈر مارکیٹوں کے کو جلد از جلد فعال کرنے پر بھی اتفاق ہوا ۔

محسن نقوی کاکہنا تھاکہ سمگلنگ دونوں ممالک کیلئے معاشی  نقصان کا باعث ہے۔سمگلنگ کی روک تھام اور بارڈر منجمنٹ سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارتی روابط کو فروغ ملے گی۔

ایرانی وزیرداخلہ کاکہنا تھا کہ پاکستان نے بارڈر کی فینسنگ کے حوالے سے بہترین کام کیا ہے۔ پاکستان ایران کے مابین تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں۔ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہےاور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے حقوق کیلئے تمام مسلم ممالک کو ملکر کام کرنا ہو گا۔

وزیر داخلہ نےمسلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید پر ایرانی حکومت کا شکریہ ا داکیا۔

ایرانی ہم منصب ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی نے دورہ پاکستان پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں