پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ 2 ارب ڈالر کی فراہمی کا معاہدہ متوقع

Apr 22, 2023 | 16:27 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستانی حکام نے امید ظاہرکی ہےکہ عید الفطرکے بعد سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کے اضافی ڈیپازٹس کی فراہمی کا معاہدہ متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کے لیے یہ ذخائر بہت اہم ہیں۔ حکومت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر  بڑھانے کے لیے بیرونی فنانسنگ حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 14 اپریل تک  4.3 ارب ڈالر تھے۔

 اسٹیٹ بینک  سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ عید کے فوری بعد 2 ارب ڈالر کے اضافی ڈیپازٹس کے معاہدے پر دستخط کرےگا۔ سعودی عرب کی جانب سے  آئی ایم ایف کو پاکستان کے لیے اضافی فنانسنگ کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر اور 1 ارب ڈالر کی اضافی مالی امداد کی تصدیق کردی ہے۔ 

سعودی عرب پہلے ہی ایک سال کے لیے 3 ارب ڈالر سے زیادہ کے ڈیپازٹس کر چکا ہے جو 5 دسمبر 2022 کو میچور ہوگیا، یہ 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس اسٹیٹ بینک کے پاس پڑے ہوئے 4.43 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر کا حصہ ہیں۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالر کی تصدیق کے باوجود آئی ایم ایف نے اسلام آباد سے کہا ہےکہ وہ اسٹاف لیول معاہدے کے لیے مزید بیرونی ڈالرز کا انتظام کرے۔

مزیدخبریں