ذرائع کے مطابق وفاق نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پابندیاں سخت کرنے کیلئے تجاویز تیار کرلیں ہیں، پابندیاں سخت کرنے سے متعلق تجاویز صوبوں کو بھجوا دیں ہیں، صوبے وفاق کی پابندیوں میں سختی کی تجاویز پر رائے دیں گے، وفاقی حکومت کورونا پابندیوں میں سختی
کا اعلان کل کرنے جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے پابندیاں دو فیز میں لگانے کی تجاویز صوبوں کو ارسال کی گئیں ہیں، پہلے فیز میں شام چھ بجے تا سحری تک کاروباری سرگرمیاں بند کرنےکی تجویز دی گئی ہے، پہلے فیز میں پیٹرول پمپس، ویکسین سینٹرز اور فارمیسز کھلی رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاق نے ہفتہ، اتوار کو کاروباری سرگرمیاں مکمل بند کرنے کی تجویز دی جبکہ پہلے فیز میں ہفتہ اتوار کو ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رکھنےکی تجویز بھی سامنے آئی ،ساتھ ہی دفاتر میں نصف عملےکی حاضری کے فیصلے پر سختی سےعملدرآمد کی تجویز دی گئی، دفاتر میں کرونا کیسز رپورٹ ہونے پر متعلقہ وزارت، محکمہ، بینک سربراہ عملدرآمد کے جوابدہ ہونگے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی کی جانب سے صوبوں کو بھجوائی گئی تجاویز میں وفاق کے ماتحت دفاتر کے اوقات کار صبح نو تا دوپہر دو بجے کرنے، جم، ایکسر سائز سینٹرز کی مکمل بندش کی تجاویز دی گئیں ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیز ون میں کرونا کے پھیلاؤ میں کمی نہ ہونے کی صورت میں مکمل لاک ڈاؤن کے مشروط نفاذ کی تجویز دی گئی ہیں، ان علاقوں یا شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، جہاں کرونا کی مثبت شرح بیس فیصد سے زائد ہوگی، ان علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا انعقاد سات تا دس دن تک ہوگا۔