ویب ڈیسک:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لوگوں نے جلسہ ناکام بنا کر پی ٹی آئی کو مسترد کردیا۔
خواجہ عمران نذیر اور شعیب بھرت کے ہمراہ ڈی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ ناکام ہوچکا ہے، علی امین گنڈا پور کا انتظار ہے، علی امین گنڈا پور کو اپنے صوبے کی کوئی فکر نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے جلسہ گاہ میں اب تک 1500سے 1600 لوگ تحریک انصاف کے جلسے میں پہنچیں ہیں ، ہمارے پاس گاڑیوں کی تفصیل بھی موجود ہے ، پنجاب کے مختلف اضلاع سے بہت کم لوگ جلسے میں آئے ہیں۔
پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سرگودھا سے 263 لوگ ، گوجرانوالہ سے 85 لوگ ، عالیہ حمزہ 100کارکن ، لطیف کھوسہ صرف 25 کارکن لے کر آئے ، راجہ راشد 15 لوگ، سمابیہ 7 لوگ ، ڈی جی خان سے زرتاج گل صرف 100 لوگ جبکہ پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز احمد 20 لوگ جلسے میں لے کر آئے ہیں ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف نے تمام صوبوں سے لوگوں کو بلایا ہے ، کراچی سے حلیم عادل شیخ لاہور فتح کرنے کیلئے صرف60 لوگ لاسکے، اتنا سکون لاہور میں کسی بھی ویک اینڈ پر نہیں دیکھا، جلسے میں زیادہ سےزیادہ 3 ہزار لوگ شامل ہو سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب والوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے فتنہ فساد پارٹی کو مسترد کردیا اور پنجاب حکومت کو سپورٹ کیا، جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ کنٹینرز لگا کرلاہور کے داخلی اور خارجی راستے بند کیے گئے۔
خواجہ عمران نذیر
دوسری جانب خواجہ عمران نذیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت کا محور عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے، پنجاب کی طرح خیبر پختونخوا کے عوام کا بھی حق ہے کہ انہیں دہلیز پر خدمات میسر ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت میں کارکردگی کو دیکھا جاتا ہے، پنجاب حکومت نے 6 ماہ میں تاریخی منصوبے شروع کیے، 2023 سے پٹرول کی قیمت میں 90 روپے فرق پڑ چکا ہے، اس جلسہ سے زیادہ لوگ تو شادی میں شامل ہوتے ہیں۔