غیر انسانی سلوک، افغانستان کی جیل میں پاکستانی جاں بحق

غیر انسانی سلوک، افغانستان کی جیل میں پاکستانی جاں بحق

ایک نیوز: افغانستان میں پاکستانیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے،مزار شریف جیل میں پاکستانی شہری  جان کی بازی ہار گیا۔

رپورٹ کے مطابق    افغانستان میں پاکستانی شہری کی بدترین غیر انسانی سلوک کی وجہ سے ہلاکت کا انکشاف  ہوا ہے۔ کوہاٹ کے رہائشی بہرام شاہ ولد سمندر خان افغانستان میں مزار شریف جیل میں قید تھے ۔افغان عبوری حکومت کی پولیس نے 4 مئی کو عبدالحامد نامی افغان شہری کی شکایت پر بہرام شاہ کو حراست میں لیا ۔بہرام شاہ پر محض چند لاکھ روپے کے لین دین کی گارنٹی لینے اور رقم کی ادائیگی کروانے میں ناکامی کا الزام تھا ۔

افغانستان میں جیل حکام کی رپورٹ میں بتایا گیا کے بہرام شاہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور سول اسپتال مزار شریف میں زیر علاج رہے ۔دوران علاج ڈاکٹر نے انہیں کابل منتقل کرنے اور آپریشن کی تجویز دی ۔ ڈاکٹر نے اپنی رپورٹ میں بہرام شاہ کی صحت پر سنگین تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تجویز کیا تھا کہ انہیں فوری رہائی دی جائے ،افغان جج نے بہرام شاہ کو دوسرا گارنٹر پیش کرنے کی صورت میں رہائی دینے کا غیر انسانی اور غیر قانونی حکم دیا ۔

یہ پہلا موقع نہیں جب افغان عبوری حکومت اس طرح کے معاملے میں سنگین لاپرواہی سے کام لے رہی ہے ۔ اس سے پہلے بھی 2 پاکستانی مزدوروں کو افغان شہری کی غیر قانونی نجی حراست سے بازیاب کروایا گیا تھا ۔ افغانستان میں پاکستانی شہریوں کے ساتھ ایسا غیر انسانی اور غیر اخلاقی سلوک انتہائی افسوسناک ہے۔