اربوں روپے کے کرپشن ریفرنسز کو متعلقہ احتساب عدالتوں میں جمع کروادیا گیا

Sep 21, 2023 | 15:11 PM

ایک نیوز: نیب حکام اربوں روپے مالیت کے کرپشن ریفرنسز کا ریکارڈ لے کر احتساب عدالت پہنچ گئے۔ نیب کی ٹیموں نے 81 کرپشن کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت پہنچایا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی ہدایت پر نیب کیسز کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد متعلقہ احتساب عدالتوں کو بھیجا جائےگا۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی کے نیب کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ، شرجیل میمن اور اومنی گروپ کے نیب کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیب تفتیشی افسران کی رجسٹرار احتساب عدالت کے ساتھ ملاقات میں نیب کیسز کے قانونی پہلوؤں کا ابتدائی جائزہ لیا ہے۔ نیب تفتیشی افسران کی رجسٹرار احتساب عدالت کے ساتھ آدھے گھنٹے سے زائد ملاقات جاری رہی۔ 

ذرائع کے مطابق نیب تفتیشی افسران اور احتساب عدالت رجسٹرار نے نیب کیسز کے قانونی پہلوؤں کا ابتدائی جائزہ لیا۔ رجسٹرار احتساب عدالت نے ہدایت کی ہے کہ نیب تفتیشی افسر ایک ایک کرکے اپنے نیب کیسز کا ریکارڈ پیش کریں۔ نیب کیسز کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد متعلقہ احتساب عدالتوں کو بھیج دیا گیا۔ 

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف یونیورسل سروسز فنڈز میں کرپشن کا ریفرنس ریکارڈ احتساب عدالت نمبر 2 میں جمع کروادیا گیا۔

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور پلانٹ ریفرنس کا ریکارڈ احتساب عدالت نمبر 3 میں جمع کروا دیا گیا۔ 

عبدالعلی نامی شہری کا ریفرنس ریکارڈ احتساب عدالت نمبر 1 میں جمع کروا دیا گیا۔ 

عمران محسن نامی شہری کے خلاف ریفرنس کا ریکارڈ احتساب عدالت نمبر 2 میں جمع کروا دیا گیا۔ 

فرزانہ راجہ اور دیگر کے خلاف بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 540ملین کی مبینہ خردبرد کا ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کروادیا گیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے فرزانہ راجہ کے خلاف دائر ریفرنس کا ریکارڈ احتساب عدالت نمبر 3 میں جمع کروایا گیا۔ 

آل پاکستان پراجیکٹ کے مالک آدم امین چوہدری کے خلاف سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے کا ریفرنس کا ریکارڈ جمع کروادیا گیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے آدم امین چوہدری کے خلاف دائر ریفرنس کا ریکارڈ احتساب عدالت نمبر 3 میں جمع کروایا گیا۔ 

نیب تفیتیشی افسران کی جانب سے احتساب عدالت میں ریکارڈ جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔

مزیدخبریں