ایک نیوز: بھارت جوڑو یاترا، راہل گاندھی ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے ، قلیوں سے ملاقات ، بیج لگا کر مسافروں کا بوجھ بھی ڈھویا۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے بعد سے زندگی کے ہر شعبہ حیات سے وابستہ عام لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ٹرک ڈرائیوروں، مکینکوں، کھیت مزدوروں وغیرہ سے ملاقات کر چکے راہل گاندھی نے اب ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلیوں سے ملاقات کی ہے۔ راہل گاندھی نے آنند وہار آئی ایس بی ٹی، دہلی کا دورہ کیا اور قلیوں بات چیت کی۔ دریں اثنا، راہل گاندھی نے نہ صرف ان کی سرخ رنگ کی وردی زیب تن کی بلکہ انہی کی طرح سر پر سامان بھی بھی اٹھایا!
راہل گاندھی نے اپنے واٹس ایپ چینل پر جاری کردہ بیان میں کہا ’’آج دہلی کے آنند وہار ٹرمینل پر وہاں کام کرنے والے قلی بھائیوں سے ملاقات کی۔ کافی وقت سے میرے دل میں بھی خواہش تھی اور انہوں نے بھی بہت پیار سے بلایا تھا۔ اور ہندوستان کے محنتی بھائیوں کی خواہش تو ہر حال میں پوری ہونی چاہئے۔‘‘